محکمہ تعلیم کا نظام آن لائن بنانے سمیت بھرتیوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے، جونیئر ٹیچرز بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن)جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر محمد یوسف کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ حالیہ بھرتیوں میں میرٹ کو یقینی بنائے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن نئی بھرتیوں کے دس دن اور جے اے ٹی اور دیگر مساوی کیڈر کے 1700سے زیادہ اساتذہ کو ایس ایس ٹی میں پروموٹ کیا جائے ضلع کچھی کے 170اساتذہ کی تنخواہیں ریلیز کی جائیں اور 2014ءسے ملنے والے پری میچور انکریمنٹ کی ریکوری کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن یکم اپریل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم میرنصیب اللہ مری ،سیکرٹری تعلیم عبدالروف بلوچ کی ذاتی دلچسپی اور جونیئرٹیچرز ایسوسی ایشن کی ڈیمانڈ پر محکمہ کے تمام تر سسٹم ٹرانسفرپوسٹنگ سے لیکرریٹائرمنٹ تک آن لائن بنانے اور محکمہ تعلیم کے اسکول سائیڈ سے ہزاروں غیر حاضر اساتذہ کو حاضر کرنے کے لیٹر جاری کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بھرتیوں میں بوگس اور 10ہزار میں بنانے والے ڈپلومہ کے علاوہ تمام اوریجنل ڈپلومہ ہولڈرز کو تعینات کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، ہم بلوچستان کے تمام ڈپلومہ ہولڈرز کویقین دلاتے ہیں آپ کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوںپر حل کرنے کی یقین دہانی کرئی ہے جونیئرٹیچرز ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم کو حالیہ پوسٹوں پرجو لیگل نوٹس دیا تھا وہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی یقین دہانی پر واپس لیتے ہیں۔


