دھاندلی کی پیداوار کو آزاد کشمیر میں دھاندلی کی اجازت نہیں ہے۔ بلاول کی ن لیگ پر کڑی تنقید
مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نام لیے بغیر مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، یہ ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں۔مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آج کا جلسہ دیکھ کر لگتا ہے کہ 2 اگست کو تیر کی جیت پکی ہے، ہم تین نسلوں سے کشمیر کی جدوجہد عالمی سطح پر اٹھا رہے ہہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا ن لیگ کا نام لیے بغیر کہنا تھا یہ لوگ دھاندلی کی وجہ سے اقتدار میں آتے ہیں، یہ نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آ جائیں گے، لیکن ہم انھیں کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ جہاں عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہمیں شکست ہوگی تو ہم اسے دل سے تسلیم کریں گے لیکن ہم چوری شدہ الیکشن کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے، چوہدری یاسین کی آبائی سیٹ پر30 پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کرکے ٹھپے لگائے گئے، ہم چوہدری یاسین کی شکست کو قبول نہیں کرتے، میرے پاس 30 پولنگ اسٹیشنز کے ثبوت ہیں، اگر الیکشن کمیشن اس دھاندلی میں ملوث نہیں تو جن پولنگ اسٹیشن پر دھاندلی ہوئی وہاں فوری ری پولنگ کروائی جائے۔ کشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی چوری شدہ ایک ایک سیٹ واپس دلاو¿ں گا، پیپلزپارٹی کشمیر کے عوام کو حق ملکیت دلوانا چاہتی ہے، میں یہ حقوق بندوق کے زور پر نہیں،الیکشن جیت کر دلواوں گا۔


