کوئٹہ میں سریاب روڈ تا بلیلی روٹ پر گرین بس سروس کو آپریشنل کرنے کے اقدامات

کوئٹہ : صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان ڈاکٹر محمد اسلم بلوچ نے کہاکہ صوبائی حکومت شہر یوں کو سفری سہولیات فراہم کے لیے گرین بس سروس کو جلد از جلد آپریشنل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔گرین بس سروس کے تحت پہلے مرحلے میں 16بسیں چلائی جائیں گی جوکہ سریاب روڈ اور بلیلی روٹ پر چلائے گی تاکہ کوئٹہ کے عوام کو جدید اور بہترین سفری سہولیات میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گرین بس سروس کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد بلوچ،چیف آرگنائزر آفیسر پی پی پی ڈاکٹر فیصل،جی ایم این آر ٹی سی اسلام آباد سلمان شاہین ،ڈپٹی سیکرٹری منور احمد مگسی،سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد پہنور اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت موجوہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے گرین بس سروس کے فنکشنل ہونے سے شہریوں کو جدید بسیں اور بہترین ماحول میسر آے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کے لیے بس اسٹاپ اور ٹرمینلز کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو لوکل ٹرانسپورٹ سے متعلقہ بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید اور آرام دہ بس کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے گا۔جس سے لوگوں کو لوکل ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات کے لیے گرین بس سروس پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کو شہر کے دیگر روٹس تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے نہ صرف شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئے گی بلکہ ٹریفک کے حوالے سے مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ گرین بس سروس میں عوام کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ شہری کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو جدید ،بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں