کوئٹہ میں جاپانی قونصلیٹ کے تحت کیلنڈروں کی تین روزہ نمائش کا افتتاح
کوئٹہ (آن لائن) ایڈمنسٹریٹر میڑوپولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو اس نمائش سے چاپان کی ثقافت کے بارے میں آگاہی اور جاننے میں مدد ملے گی ہر ملک کی ایک اپنی ثقافت ہوتی ہے جو اسکی پہچان ہے یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی بلوچستان کوئٹہ کے زیر اہتمام جاپان قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے جاپانی کیلنڈروں کی تین روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ (ن )کی رہنما سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، سابق سیکرٹری منیر بادینی ،ڈاکٹرجنرل (ر) اسحاق، جاپان کے اعزازی قونصل جنرل بلوچستان سید ندیم عالم شاہ اور پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے صدر فیروز شاہ بھی موجود تھے۔تین روز ہ جاپانی کیلنڈروں کی نمائش صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گی۔جاپانی کیلنڈروں کی نمائش میں جاپان کی ثقافت،ورثہ، طرز زندگی ، روایات، لوگوں،تاریخی مقامات، تفریحی مقامات،ماحولیات ، آٹو موبائل، جنگلی حیات، آرائش گل، قدرتی نظاروں، زراعت ،روایتی آرٹ،خواتین ،ایکے بانا،کیمونو،سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ جاپان کے ہر شعبہ کی عکاسی کرنے والے کیلنڈر نمائش کیلئے رکھے گئے ہیں۔جاپانی کیلنڈروں کی نمائش دیکھنے کیلئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادپاک جاپان کلچر سینٹر جناح ٹا ون کوئٹہ میں صبح گیارہ سے سپہر تین بجے تک آسکتے ہیں۔


