کورونا وائرس: دبئی ایئرپورٹ پر حفاظتی سامان کیلئے خودکارمشنیں نصب

دبئی: دوران سفر مسافروں کی حفاظت کیلئے دبئی ایئرپورٹ پر خودکار مشینیں نصب کر دی گئی ہیں جہاں سے دستانے، ماسک اور سینٹائزر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔خود کار مشینیں داخلوں راستوں کے ٹرمینل نمبر دو اور تین پر نصب کی گئی ہیں جہاں ایک فیس ماسک اور دستانوں کی جوڑی 6 درہم میں دستیاب ہے۔ مسافر حضرات خود کارمشینوں سے9 درہم میں سینٹائزر حاصل کرسکتے ہیں اور دو قسم کے سینٹائزر دستیاب ہیں۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 35,192 مریض ہیں اور266 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے اور احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجازت دی ہے۔متحدہ عرب امارات نے بھی 27 مئی سے معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جم، سینیما گھر اور دوسری کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئے ہیں۔کاروبار کو صبح چھ سے رات گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عائد کردہ پابندیوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔دبئی کی سپریم کمیٹی برائے بحران اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر تمام افراد چہروں پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے اور عوامی مقامات پر لوگ دوسروں سے دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔سپریم کمیٹی نے تھوک اور پرچون کی دکانیں، تعلیمی اور تربیتی ادارے، بچوں کے تربیتی مراکز، کھیلوں کی اکیڈمیاں، اندرون خانہ جِم، فٹنس کلب، سینیما گھر اور مختلف تفریحی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں