کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون ڈاکٹر کی حالت خطرے سے باہر، کسی عضو کو کوئی خطرہ نہیں، اسپتال ذرائع

کراچی (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کا علاج کراچی کے ایک نجی اسپتال میں جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کی بینائی محفوظ ہے۔ کوئٹہ کے سول اسپتال میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کے بعد انہیں کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور فی الحال ان کی جان یا کسی عضو کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کے جسم کا تقریباً 13 فیصد حصہ جھلسا ہے جبکہ 7 سے 8 فیصد حصے پر گہرے زخم آئے ہیں۔ طبی معائنے کے دوران دونوں آنکھوں میں قرنیہ کی معتدل دھندلاہٹ پائی گئی، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ ان کی بینائی محفوظ ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور کا علاج احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری ہے اور پلاسٹک سرجری سمیت امراضِ چشم کے ماہرین بھی ان کے علاج میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں