ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں، پولیس نے زمان پارک میں لوٹ مار کی، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (صباح نیوز) نائب چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عدلیہ کے علاوہ باقی سب ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان جج صاحب کے حکم کی تعمیل کرکے واپس روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں کوئی جان ہی نہیں، توشہ خانہ سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں، مریم نواز سمیت بہت لوگ توشہ خانہ سے مستفید ہوئے، اب یہ عمران کے خلاف نیا کیس بنائیں گے، کیسز کا مقصد عمران خان پر دباو بڑھانا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لیا اور نہ لیں گے، لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے شکر گزار ہیں، پوری قوم کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں، البتہ باقی سب ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔زمان پارک آپریشن پر شاہ محمود نے کہا کہ کرین کے ذریعے عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑا گیا، پولیس اہلکاروں نے گھر سے سامان اٹھایا، جیبیں بھریں، پی ٹی آئی کو جتنا دبائیں گے وہ اتنا ہی ابھرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں