آفریدی اور گھمبیر ‘سوشل میڈیا جنگ‘ ختم کر دیں، وقار یونس

پاکستان کے سابق کرکٹ سٹار وقار یونس نے شاہد آفریدی اور گوتم گھمبیر سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ‘جاری جنگ‘ ختم کر دیں۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت سے دوطرفہ کرکٹ کو بحال کرنے کا بھی کہا ہے۔پاکستانی کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی اور سابق بھارتی اوپنر گوتم گھمبیر پہلے کھیل کے میدان میں ایک دوسرے کے حریف تھے لیکن اب یہ دونوں سوشل میڈیا پر ایک ‘جنگ‘ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی متازعہ خطے کشمیر کے حوالے سے ایک دوسرے کے خلاف متعدد ٹویٹس کر چکے ہیں۔گھمبیر اب بھارتی پارلیمان کے رکن بن چکے ہیں جبکہ شاہد آفریدی کی ایک اپنی فاؤنڈیشن ہے اور ملک بھر میں ان کی آواز سنی بھی جاتی ہے۔وقار ملک نے ان دونوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آن لائن چیٹ شو میں ‘پرسکون‘ ہو جانا چاہیے۔وقار یونس کا مزید کہنا تھا، ”دونوں کے مابین بیان بازی ایک عرصے سے جاری ہے۔ میرے خیال سے دونوں کو عقلمندی اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرسکون ہو جانا چاہیے۔‘‘پاکستان اور بھارت نے سن دو ہزار بارہ اور تیرہ کے بعد سے کوئی کرکٹ سیریز نہیں کھیلی جبکہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ان دونوں کے تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ ہیں۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ سیریز سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے، ”میرے خیال سے ایسی کوئی بھی سیریز دنیا میں انتہائی کامیاب رہے گی۔میرے خیال سے پاکستان اور بھارت کو مل کر کھیلنا چاہیے اور ایسا مسلسل ہونا چاہیے تاکہ کرکٹ فین مایوس نہ ہوں۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں