ہدایت الرحمن کی ضمانت میں بلوچستان حکومت رکاوٹ ہے، مسلم لیگ ن

پنجگور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) مکران ڈویژن کے صدر و آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین اشرف ساگر بلوچ نے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان نے جب گوادر سمیت مکران کے عوام کے جائز حقوق کیلئے جمہوری انداز میں جدوجہد کی تو بلوچستان کی صوبائی حکومت نے ایک سازش کے تحت ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرکے انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا اور اس وقت بھی صوبائی حکومت مولانا کی عدالتوں سے ضمانت کروانے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے، اشرف ساگر نے ملکی عدلیہ کے دوہرا معیار پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 80 سے زائد مقدمات پر گرفتار ہونے سے قبل ضمانت دی جاتی ہے جبکہ مولانا ہدایت الرحمان جس نے ازخود اپنے آپ کو قانون کے حوالے کیا لیکن مولانا کیلئے عدالتیں الگ فیصلہ کرتی ہیں اور عمران خان کیلئے الگ فیصلے کیئے جاتے ہیں جو کہ ملکی عدلیہ کے دوہرا پن کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے آخر میں مرکزی حکومت خصوصاً سپریم کورٹ سے پرزور اپیل کی کہ وہ مولانا ہدایت الرحمان کو جلد رہا کرکے انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں