سوئی گیس کمپنی کے جھوٹے دعوے، پاکستان بھر میں سحر و افطار میں گیس غائب، چولہے ٹھنڈے پڑ گئے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) رمضان المبارک کے دوران بھی پاکستان کے متعدد شہروں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل، اکثر علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر انتہائی کم۔ پشاور، کراچی، کوئٹہ، لاہور اور دیگر شہروں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل اور سوئی گیس پریشر میں انتہائی کمی سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے متعدد شہروں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل ہونے سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں اسٹیورٹ روڈ، جان محمد روڈ، کواری روڈ، بروری روڈ، نواں کلی، پشتون آباد میں بھی سوئی گیس دستیاب نہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے رمضان میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کا دعویٰ دھرا رہ گیا۔ سحر اور افطار کے اوقات علاوہ بھی کئی علاقوں میں دن بھر سوئی گیس کی فراہمی معطل رہی جبکہ کئی جگہ سوئی گیس پریشر انتہائی کم تھا جس سے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور رمضان میں لوگوں کو سحر و افطار کی تیاریوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں