آئی ایم ایف پاکستان کو موجودہ نظام کو چارہ دیتا ہے جو زرداری اور نواز شریف کھاتے ہیں، سراج الحق
اوکاڑہ : امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں آئی ایم ایف چارہ دیتا ہے مکھن اور گھی زرداری اور نوازشریف کھاتے ہیں ،حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، اس کے جہاز میں کئی ایک سوراخ ہوگئے ہیں جس سے اس جہاز کا ڈوبنا لازمی امر ہے، موجودہ حکومت آخری سانس لے رہی ہے، قرضے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے لیے ادائیگی قوم کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ بائی پاس پر ساہیوال سے لاہور جاتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ ڈاکٹر بابر رشید،سٹی امیر انجینئرسلمان اظہر شیخ، ارسلان اظہر شیخ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا کہ ملک کنگال ہوگیا۔مہنگائی نے ملک کے غریب عوام کا کچومر نکال رکھاہے، غیرت مند قوم کو ہمارے حکمرانوں نے غلام بنا دیا ،جب تک آئی ایم ایف کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل نہیں ہو گا تب تک اس ملک اور قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ،عوام نہیں جانتے کہ ان سیاسی چوروں نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اپنی اور اپنی اولادوں کی تجوریاں بھریں اب یہ مافیا شورمچا کر دوبارہ عوام کا اعتمادحاصل کرنا چاہتے ہیں مگر عوام اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئینگے، جماعت اسلامی کرپٹ مافیا سے لوٹی ہوئی دولت واپس لے گی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی عوام کو مشکلات سے نکالے گی۔ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شدید مسائل کا شکار ہوچکے ہیں حکمران اپنی اصلاح کریں اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے ٹھوس اقدمات کرے تاکہ غریب کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوسکیں۔ حکمرانوںنے غریب عوام کومہنگائی کے میںدھکیل دیاہے، موجودہ حکومت کی ہر شعبہ میں ناکامی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں جن کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔