دمشق پر اسرائیل کاایک اور حملہ، ایرانی مشیر ہلاک، پاسداران انقلاب کی تصدیق

تل ابیب : اسرائیل نے 24 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں شام میں دوسرا حملہ کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں اسکا ایک مشیر مارا گیا ہے۔اسرائیلی میزائلوں نے دمشق کے جنوب مغرب میں مقامات کو نشانہ بنایا۔ ان میزائل حملوں سے مادی نقصان ہوا اور دو شامی فوجی زخمی ہوئے۔تاہم ایرانی پاسداران انقلاب نے دوبارہ ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے اپنے ایک رکن فوجی میلاد حیدری کی ہلاکت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس حملے میں دمشق کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تسنیم ایجنسی کے مطابق میلاد حیدری شام میں ایرانی پاسداران انقلاب کے مشیروں اور افسروں میں سے ایک تھا۔خیال رہے اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب جمعرات کو صبح سویرے بھی حملہ کیا تھا۔ 24 گھنٹوں میں اسرائیل نے دمشق کے قریب دوسرا حملہ کیا ہے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی میزائلوں نے دمشق کے جنوب مغرب میں شامی حکومت اور ایران نواز فورسز کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ خیال رہے تل ابیب نے گزشتہ برسوں میں شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں