کیچ، سیاسی جماعتوں کی عدم توجہ کے باعث مردم شماری کا عمل سست روی کا شکار ہے، نیشنل پارٹی

تربت(این این آئی)نیشنل پارٹی کی مردم شماری کمیٹی کے چیئرمین، مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی نے کہاہے کہ مردم شماری کے حوالے سے کیچ کے ایم پی ایز، ایم این اے اور سیاسی جماعتوں کا رول انتہائی مایوس کن اور عدم تعاون کاہے جس کی وجہ سے مردم شماری انتہائی سست رفتاری کا شکار ہے، مردم شماری میں فوری طورپر ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیاجائے، انہوں نے کہاکہ وہ بحیثیت نیشنل پارٹی کی چیئرمین مردم شماری کمیٹی کیچ مردم شماری کے سلسلے میں پورے ضلع میں رابطے کررہے ہیں، تمام پارٹیز نمائندوں سے ملاقات بھی کرچکے ہیں مگر مردم شماری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کا رول عدم دلچسپی کاہے جس کی وجہ سے خدشہ یہی ہے کہ ہماری آبادی بڑھنے کے بجائے گھٹ جائے گی جو ایک قومی جرم کے مترادف ہے انہوں نے کہاکہ ایم این اے، ایم پی ایز کی جانب سے مردم شماری کے حوالے سے کوئی دلچسپی نظرنہیں آتی ہے وہ خود کو اس عمل سے لاتعلق رکھے ہوئے ہیں ان کا عدم تعاون اور عدم دلچسپی اور مکمل خاموشی اختیارکرنا ایک سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہاکہ بی این پی مینگل، جے یو آئی سے ہمیں امید تھی کہ وہ مردم شماری کو قومی ذمہ داری سمجھ کر اس میں نمایاں رول اداکریں گے مگر ان کا جو رول ہونا چاہیے تھا وہ نظرنہیں آرہاہے، نمائندگان اور سیاسی جماعتوں کی عدم تعاون کے باعث مردم شماری کا عمل متاثرہوکر سست روی کا شکاہے ایک طرف اساتذہ کرام اور شمارکنندگان سے عدم تعاون اور دوسری طرف رمضان المبارک کی وجہ سے مردم شماری شدید متاثرہے، انہوں نے انتظامیہ اورمردم شماری محکمہ کے سربراہ سے درخواست کی کہ وہ مردم شماری پر مامور اساتذہ کرام اور شمارکنندگان کی مشکلات وپریشانیاں دورکرکے انہیں ریلیف پہنچائیں اور ان سے تعاون کریں انہوں نے مردم شماری میں ایک ماہ کی توسیع کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر مردم شماری میں توسیع نہ کی گئی تو کیچ سمیت دیگر علاقوں کی اکثریتی آبادی اندراج سے رہ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں