ملک میں چینی، ادویات، گندم سکینڈلز کی گویا سیریز چل رہی ہے،سراج الحق
لاہور،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چینی سکینڈل میں بینی فشریز کے ساتھ ساتھ منصوبہ سازوں کو بھی شامل کیا جائے۔عوام کا خون نچوڑنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ ملک میں چینی، ادویات، گندم سکینڈلز کی گویا سیریز چل رہی ہے۔ آئندہ بجٹ دفاع کے بعد افراد پر خرچ کیا جائے۔فوڈ اور ہیلتھ سیکورٹی کے بعد تعلیم اور زراعت کو ترجیح دی جائے۔کرونا وباء کی وجہ سے لاکھوں چھوٹے بڑے ادارے بند ہوگئے ہیں جس سے ایک کروڑ 70لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خطرہ ہے۔حکومت ایمرجنسی بنیادوں پر ان داروں کی بحالی کی طرف توجہ دے۔کورونا سے نجات تک جماعت اسلامی کی رجو ع اللہ اور توبہ و استغفار کی مہم جاری رہے گی۔کرپشن،سود،ملاوٹ،مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہماری مہم کے اہم اہداف ہیں۔پٹرول کی عدم دستیابی سے عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہیں مل رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم،نائب امراء ڈپٹی سیکرٹریز اور سیکرٹری اطلاعات نے شرکت کی۔


