بلوچستان میں دیگر ممالک سے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے صوبائی انتظامیہ کا اجلاس

کوئٹہ (آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات اور وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کے خصوصی احکامات پر صوبہ بلوچستان سے دیگر علاقوں بالخصوص ہمسایہ ممالک کی طرف سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس صالح محمد ناصر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کسٹمز، ایف سی، پولیس، ڈیویژنل و ضلعی سطح کے تمام حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ صوبہ بھر میں قائم کئے گئے جوائنٹ چیک پوسٹوں پر تمام متعلقہ محکموں کے اہلکاران تعینات کئے جائیں، جوتمام تر اشیا خوردونوش کی سمگلنگ کی روکتھام کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائینگے ۔ ضلعی سطح پر قائم کی گئی کمیٹیاں فعال کی جائیں اور ضلعی انتظامیہ دیگر حکام کے تعاون سے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خاتمہ کے لئے بھر کوششیں یقینی بنائیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کی موجود اینٹی سمگلنگ ونگ کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کیا جائیگا اور جلد ہی مذکورہ بالا ونگ اپنی سرگرمیاں شروع کر دیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں