وزیراعلیٰ بلوچستان نے کاروبار کی ترقی کیلئے ایس ایم ای منصوبے کی منظوری دیدی
کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کی پہلی ایس ایم ای ( SME ) ترقی کی حکمت عملی کی منظوری دے دی وزیر اعلیٰ نے یہ منظوری محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے ارسال کی گئی ایک سمری پر دی واضح رہے کہ قومی ایس ایم ای پالیسی 2021ءکے تحت چیف سیکرٹری کی سربراہی میں صوبائی ایس ایم ای ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے یہ ورکنگ گروپ ایک آسان اور قابل رسائی ایس ایم ای ماحول فراہم کرکے صوبے میں کاروبار کی ترقی میں سہولت فراہم کرے گا اور ایس ایم ای پالیسی/حکمت عملی کے نفاذ کی نگرانی کرے گا قومی SME پالیسی وفاقی حکومت نے تیار کی ہے اور پالیسی ایکشن پلان کو مختصر اور درمیانی مدت کے ایکشن پلان میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی ایس ایم ای ورکنگ گروپ کا اجلاس 05 دسمبر 2022 کو چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت بلوچستان کی ایس ایم ای ڈویلپمنٹ سٹریٹیجی پر ٹیکنیکل پیپر پر تبادلہ خیال سے متعلق منعقد ہوا جس میں صوبائی ورکنگ گروپ نے ٹیکنیکل پیپر، امپلیمینٹیشن مینجمنٹ اسٹرکچر کے قیام اور دیگر سرگرمیوں پر غور کیا اور یہ بھی فیصلہ کیا کہ صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں بھی یہی تکنیکی پیپر رکھا جائے گا۔


