پی پی ایچ آئی بلوچستان کا 37 واں اجلاس،صوبے کے تمام بنیادی مراکز صحت میں ٹیلی ہیلتھ سینٹرز بنائے جائیں گے
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پی پی ایچ آئی بلوچستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 37 واں اجلاس گزشتہ روز ادارے کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا ، اجلاس کی صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن منیر احمد بادینی نے کی ، اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ ممتاز احمد لانگو ، ڈپٹی سیکریٹری خزانہ محمد ندیم درانی ، چیف سیکشن (ہیلتھ) پی اینڈ ڈاکٹر عبدالستار بلوچ ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالرسول زہری ، قیصرخان جمالی ، ڈاکٹر رشید ترین ، روشن خورشید بروچہ ، محمد نسیم لہڑی ، عرفان احمد اعوان ، کمپنی سیکریٹری پی پی ایچ آئی محمدرفیق رئیسانی نے شرکت کی۔اجلاس میں ملازمین کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے سمیت دیگر امور زیر غور آئے ۔ چیئر پرسن بورڈ منیر احمد بادینی نے پی پی ایچ آئی بلوچستان اور ماتحت بورڈ کمیٹیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی طرح سروسز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پی پی ایچ آئی کے سی ای او اسفند یار بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی پی ایچ آئی کے زیراہتمام مکران کوسٹل ہائی وے پر 6 ایمرجنسی ریسکیو سینٹروں کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جن کی تعمیر کا کام جاری ہے ، پراجیکٹ کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے تعاون سے کنڈ ملیر اور لیاری کے مقام پر 2، 2موبائل ایمرجنسی رسپانس سینٹروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے تحت ریسکیو 1122 اکیڈمی لاہور سے 6 ماہ کی تربیت مکمل کرنے کے بعد 102 تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ پراجیکٹ کے تحت مائننگ ایریا میں 2 مزید ایمرجنسی رسپانس سینٹرز بھی بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ سینٹرز پراجیکٹ کے تحت بلوچستان میں 24 سینٹرز بنائے گئے ہیں ، حکومت بلوچستان کے تعاون سے صوبے کے تمام بنیادی مراکز صحت میں ٹیلی ہیلتھ سینٹرز بنائے جائیں گے ۔ منصوبے کے تحت کوئٹہ سے طبی خدمات کی فراہمی کاسلسلہ شروع کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی بلوچستان یونیسیف کے تعاون سے صوبے کے 10 اضلاع کچھی ، سبی ، جھل مگسی ، نصیرآباد ، جعفرآباد ، صحبت پور ، کوئٹہ ، لسبیلہ ، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں 10,000ہزار طلباء کی ہیلتھ اسکریننگ کرے گی ، اس ضمن میں صوبہ بھر میں72 میڈیکل کیمپ منعقد کیے جائیں گے ، پراجیکٹ کے تحت صحبت پور میں 6 میڈیکل کیمپ منعقد کئے گئے ہیں ۔


