بزرگ عبدالقادر بخش مری سچے عاشق رسولؐ

تحریر :محمد شہزاد بھٹی
حال ہی میں مدینہ منورہ میں عمرہ کی ادائیگی کے دوران سوشل میڈیا پر شہرت بلندیوں کو چھونے والے بزرگ عبدالقادر بخش مری جن کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے حب/ساکران سے ہے۔ یہ غریب بزرگ عبدالقادر بخش مری بکریوں کا چرواہا ہے، 15سال لوگوں کی بکرایا چراتا رہا پیسہ جمع کرتا رہا۔ بس اس کی ایک ہی دھن، ایک ہی لگن تھی کہ میں مدینہ منورہ جا کر روضہ رسول دیکھوں۔ آخرکار، اس نے رمضان المبارک 1444ہجری میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سفر مدینہ منورہ کیا۔ 50 لاکھ سے زائد زائرین اس بار حرم مکی حرم مدینہ میں موجود تھے ان 50 لاکھ زائرین میں بڑے بڑے بادشاہ حاکم امراء علماء تاجر گدی نشین اور دنیا کی طاقتور ترین شخصیات شامل تھیں مگر اللہ کریم نے بزرگ عبدالقادر بخش مری کو جو عزت بخشی وہ کسی اور کے نصیب میں نہیں آئی۔ اعلی سعودی حکام بزرگ عبدالقادر بخش مری سے رابطہ میں ہیں، یہ بزرگ اس سال 1444ہجری میں ہونے والے حج میں سعودی شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ انشاءاللہ، مجھے بزرگ عبدالقادر بخش مری سے نہ کوئی مسئلہ تھا اور نہ اب ہے اور نہ ہی کوئی ان کی مقبولیت سے خائف ہے۔ مجھے افسوس صرف اس پاکستانی قوم پر ہے۔ سادہ سا باریش اور معمر شخص عبدالقادر بخش مری نے صرف اپنے حلیے اور ہیئت سے مسلمانوں کی اتنی بڑی تعداد کو اپنا گرویده بنا لیا۔ کچھ تو جذبات میں اس قدر بہہ گئے کہ مشابہت صحابہ کرام سے کر دی۔ بعض جوشیلوں نے سیدھا سیدھا حضرت ابو بکر صدیق سے ملا دیا۔ بزرگ عبدالقادر بخش مری کی ایک نو سیکنڈ کی ویڈیو اس قوم میں ایک اجنبی شخص سے اس قدر عقیدت بھر دیتی ہے کہ وہ جوق در جوق اس کی جھونپڑی میں جا پہنچتے ہیں، ہاوسنگ سوسائٹی میں پلاٹ نام کر دیتے ہیں، جاوید آفریدی حج کے مفت پیکج کا اعلان کرتا ہے، پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے حب/ساکران کی ایک جھونپڑی بوسہ گاہ خلائق بن جاتی ہے ٹی وی اور یو ٹیوب چینلز انٹرویو کے لیے ٹوٹ پڑتے ہیں۔ سوچئیے جب دجال کا ظہور ہو گا تو ہم اس کے حلیے اور ہیئت سے متاثر نہ ہوں گے؟ جو دنیا بھر کے شعبدے لے کر مشرق سے نکلے گا، بارش برسائے گا، صحرا گلستان میں بدلے گا، کئی معجزات کھلی آنکھوں سے دکھائے گا، جنت اور جہنم ساتھ لے کر چلے گا، تو کیا ہمارا ایمان متزلزل نہ ہو گا؟ بزرگ عبدالقادر بخش مری کی کوئی کرامت دیکھے بنا صرف اس کے لباس اور چال ڈھال کو دیکھ کر ہم مر مٹے اور اب اس کے قدموں میں بیٹھ کر دم درود کے لیے ٹوٹ پڑے ہیں تو خود فیصلہ کیجئیے کہ دجال تو پوری تیاری کے ساتھ آئے گا۔ بزرگ عبدالقادر بخش مری کی وڈیو ایک لٹمس ٹیسٹ تھا کہ یہ قوم کیا سوچتی ہے۔ کتنی شخصیت اور ظاہر پرست ہے۔ ایک بار پھر عرض کر دوں کہ وہ بزرگ سچے عاشق رسول ہیں، بہت معصوم اور سادہ لوح ہیں لیکن سوال بچھڑے کی پوجا کرنے والوں سے ہے بچھڑے سے نہیں۔ آپ نے ایک عام شخص کو محض لباس اور وضع قطع سے صحابی کا درجہ دے ڈالا۔ نعوذ باللہ، دجال تو پھر پوری تیاری اور لوازمات کے ساتھ نمودار ہو گا۔ تب کیا کریں گے؟ یاد رکھئیے: بزرگ عبد القادر بخش مری کی ویڈیو ایک لٹمس ٹیسٹ تھا، اکثریت فیل ہو گئی، میں دعا کرتا ہوں اللہ کریم بزرگ عبدالقادر بخش مری کو ایک بار پھر مدینہ بلا لے، ان کی باقی زندگی وہیں گزرے اور یہ جنت البقیع میں دفن ہوں ورنہ یہاں ان کے مزار اور آستانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔