عمران خان پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں، کارکنان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے قابل مذمت ہیں، پی ٹی آئی بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) عمران خان پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں، ہماری جمہوری، آئینی و سیاسی تحریک ہے احتجاج ہمارا حق ہے کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ پر صحافیوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد آصف ترین نے پولیس کی جانب سے گھروں پر چھاپوں و گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جنگل کا قانون ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی موجودہ کرپٹ و امپورٹڈ حکومت نے آمریت کے ظلم و جبر تک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے پاکستان کے آئین کے مطابق ہماری تحریک جمہوری، سیاسی اور پرامن ہے، احتجاج ہمارا جمہوری، آئینی اور سیاسی حق ہے سابق وزیراعظم کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کھلم کھلا غیر قانونی و غیر آئینی اقدام تھا، جسکی مذمت کے لیے نہ صرف تحریک انصاف بلکہ قوم باہر نکلی، اس نے ثابت کردیا کہ عمران خان تحریک انصاف نہیں بلکہ پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں لیکن ملک میں جو جنگل کا قانون اور لاٹھی، گولی کی سرکار نے حکمت عملی کے تحت تحریک انصاف کے عہدیداران، ممبران اور کارکنان کیخلاف اعلان جنگ کرچکے ہیں وہ فسطائیت کی بدترین مثال اور جمہوریت کا جنازہ نکال چکے ہیں، جسکی نظیر آمریت کے دور میں بھی نہیں ملتی، تحریک انصاف بلوچستان کی سینئر قیادت، کارکنان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس میں گھر، دفتر میں موجود کسی بھی شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل کوئٹہ پولیس کی جانب سے صحافی حضرات پر جو تشدد کیا گیا جسکی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جسکی ہم پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔


