اسلام کے دو مسلکوں کو نزدیک لانے پر سعودی عرب اور ایران کے اقدام قابل ستائش ہیں، محمود اچکزئی

کوئٹہ، اسلام آباد :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین سابق رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں دو روزہ بین الاقوامی کنونشن کے سیشن کے اختتام پر بین الپارلیمانی یونین کو سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین ہونیوالی معاہدے اور شام کو عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC)میں شامل کرنے پر خوش آمدید کہنے کی قرار داد لانی چاہیے۔ بطور سیاستدان ہمیں عالم اسلام کے دومسلکوںکو نزدیک لانے پر سعودی عرب اور ایران کے اس اقدام کی ستائش ، حمایت اورساتھ ہی انہیں مبارکباد پیش کرنی چاہیے کیونکہ ان کی باہمی چپقلش کی وجہ سے عالم اسلام کو کافی مشکلات درپیش تھیں ۔اور یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ ، ہمارے خطے اور بالخصوص پاکستان کے امن اور استحکام کیلئے مشعل راہ ثابت ہو ۔اسی طرح محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چالیس برس کی جنگوں کے بعد افغانستان تاریخ کے ایک اہم موڑ پر پہنچ چکا ہے ، افغان عوام اپنی خودمختاری اور آزادی کے بار ے میں انتہائی حساس رہے ہیں۔ اس لیئے ہم یہ تجویز کرتے ہیں کہ افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کو چاہیے کہ افغانستان کی خودمختاری اور آزادی کا احترام کریں ۔اسی طرح افغان عبوری حکومت کو بھی اپنے ہمسایہ ممالک کی آزادیوں اور خودمختاریوں کا احترام کرنا ہوگی اور اس طرح افغانستان وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان تجارت کی اہم گزر گاہ بن جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں