بلاول خودساختہ قرنطینہ سے بیان بازی کیلئے نکلے ہیں‘فیاض الحسن

اسلام آباد:: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نیکہا ہے کہ بلاول زرداری ایک مرتبہ پھر اپنے خود ساختہ قرنطینہ سے واجبی بیان بازی کرنے نکلے ہیں۔دس سال تک عوام بلاول زرداری کے منہ سے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کی باتیں سنتے رہے ہیں، سندھ حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کا الزام وفاق پر لگانا“ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا”کی اعلیٰ مثال ہے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کو کرارا جواب دے دیا۔ اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ مشرف دور تک پاکستان اسٹیل مل ایک منافع بخش ادارے کے طور پر کام کرتی رہی۔2008 سے 2015 تک پاکستان اسٹیل مل مسلسل خسارے میں چلنے کے بعد بند ہو گئی۔ آلِ شریف اور آلِ زرداری اپنی بدانتظامی سے منافع بخش قومی اداروں کو گھٹنوں پر لے آئے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سندھ میں لازوال نااہلی، کرپشن اور گورننس کے فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں کرونا کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں