فسادات جلاؤ گھیراؤ غیر جمہوری طرز عمل، جو کام دشمن نہ کرسکے اسے ملک کے سیاسی کارکنوں نے کردیا، میر نصیر مینگل
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئیر سیاستدان و سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر نصیر مینگل نے موجودہ مخدوش صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کی آڑ میں ملکی املاک کو نقصان پہنچانا کسی بھی جمہوری پارٹی کو زیب نہیں دیتا۔ لاہور میں مظاہرین کے ہاتھوں کورکمانڈر کے گھر کو جلانا جوکہ بانی پاکستان کا گھر اور پاکستان کے قدیم عمارت تھی۔ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، وہ کام جو دشمن نہ کرسکے اسے ملک کے سیاسی کارکنوں نے کردیا، ملک بھر میں فسادات جلاؤ گھیراؤ غیر جمہوری طرز عمل ہے اور یہ کسی دشمن قوت کی ایما ہی ہوسکتا ہے۔ محمد نصیر مینگل کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو عوام کی طاقت سے ناکام بنادیں گے۔ عوام قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اگر کوئی دشمن عناصر یہ سمجھتی ہے کہ وہ عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرکے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا تو یہ انکی بھول ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے، پاکستان اندرونی معاملات کی بنا آج جس سے صورتحال سے گزر رہی ہے یہ ایک تشویشناک امر ہے، لہذا ہیجانی کیفیت سے ملک کو نکالنا ہوگا اس کے لیے سیاسی قائدین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو اس نازک صورتحال سے نکالیں اور شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، شرپسند چاہئے جس پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں انہیں بلا تفریق اور قرار واقعی سزا دی جائے۔


