شدید گرمی میں بھی پسنی میں بجلی کی طویل بندش، پانی کی قلت، شہری بلبلا اٹھے
گوادر : پسنی میں بجلی کا بد ترین بحران ،شہر کو پانی کی سپلائی معطل ، شہری بلبلا اٹھے ،معمولات زندگی بری طرح متاثر ،شہر کے مختلف علاقوں میں جبری و طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہریوں کا گرمی اور پیاس سے برا حال ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے سبب پسنی شہر قلت آب نے سر اٹھا لیا، پسنی شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 جبکہ حسب معمول غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے ، بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو پینے کی پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔دوسری جانب پسنی واپڈا کی بوسیدہ نظام کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جبری و طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے سے شہریوں کا گرمی سے برا حال ہو گیا۔ بجلی کے نظام کا درہم برہم ہونے کے سبب شہر کے اکثر علاقے بوند بوند پانی کے لیئے سرگرداں ہیں جن کا متعلقہ اداروں کی ہاں کوئی پرسان حال نہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک ہیلتھ افسران نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو جواز بناکر شہر کے اکثر علاقوں میں پانی بند کرکے کربلا کا سماں پیدا کردیا۔ خواتین اور بچے گلیوں میں بالٹیاں اٹھائے پھرتے ہیں۔ مساجد میں نمازی وضو کرنے سے بھی قاصر ہوگئے۔ موجودہ ترقی یافتہ دور میں بھی لاکھوں افراد پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئی،شہریوں نے سیکٹری پی ایچ ای سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے نظام کو فی الفور بحال کیا جائے۔


