رخشان ڈویژن میں یونیورسٹی کا قیام بہت ضروری ہے، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کی طالبات کا احتجاج
خاران :گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کے طالبات نے رخشان یونیورسٹی کے قیام کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر رخشان یونیورسٹی کے قیام سے متعلق مختلف کلمات درج تھے مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رخشان ڈویژن بالخصوص خاران کی طالبات ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ ایف ایس سی اور ایف اے پاس کرنے کے بعد تعلیم ادھوری چھوڑ دیتی ہیں، کیونکہ خاران میں مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے ایسا کوئی انسٹیٹیوٹ نہیں ہے جو یہاں کی طالبات تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خاران کی طالبات کی اکثریت غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہے ان کے پاس مزید وسائل نہیں ہے وہ کوئٹہ یادیگر علاقوں میں اپنے تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی علم و شعور کی ترقی کا ہے مہذب دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے پورے ڈویژن میں تعلیم وتربیت کی ترویج میں رخشان یونیورسٹی کا قیام اشد ضرورت ہے، رخشان ڈویژن کے دورہ افتادہ علاقوں میں موجود غریب نادار طالبات جو یا تو تعلیمی اداروں کی عدم دستیابی یا اپنی غربت مجبوری کی وجہ سے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتیں، ان کے گھر کی دہلیز پر تعلیم کی سہولت دی جائے، اس لیے ضروری ہے کہ خاران میں رخشان یونیورسٹی کے قیام کے لیے ہمارے نمائندے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ اس جدید اور ٹیکنالوجی کے دور میں رخشان ڈویژن بالخصوص خاران کی طالبات مستفید ہوسکیں۔


