ساحل و وسائل کا نعرہ لگانے والے لیڈر کو سی پیک کی لوٹی ہوئی دولت میں حصہ ملنے پر وہ خاموش ہوگیا، ہدایت الرحمن
کوئٹہ :جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری وحق دوتحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ ساحل و وسائل کانعرہ لگانے والے لیڈرکو سی پیک میں لوٹی ہوئی دولت میں حصہ مل گیا، اس لیے وہ خاموش ہوگیا، بلوچستان کو لوٹنے والوں کیخلاف عوام متحد ہوں گے تو وسائل کے مالک بنیں گے، بصورت دیگر چہرے بدل بدل کر ہم پر مقتدر قوتوں کے تعاون سے لٹیرے مسلط ہوں گے اور لوٹ مار کا بازار گرم ہوگا۔ گوادر کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا، وسائل واختیارات ملنے پرگوادر کوترقی یافتہ جدید مثالی شہر بنائیں گے۔ گوادر کی عوامی حقوق کے حصول کی تحریک کو صوبہ بھر میں پھیلائیں گے، صرف گوادروسائل وترقی سے محروم نہیں پورا بلوچستان لٹیروں کے رحم وکرم پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت پسماندہ اور لاوارث بنایا گیا ہے، بلوچستان کے عوام بلوچستان کے وسائل کے مالک ہیں تو ترقی، خوشحالی، روزگار، تعلیم وصحت کی سہولیات اور پینے کے پانی سے محروم کیوں۔ ہم عوامی حقوق کے حصول، بدعنوانی، بے حسی، غفلت وکوتاہی کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع نہیں، روزگار برائے فروخت ہونے کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں، بے روزگاری کا طوفان ہے، کروڑوں لوگ بدترین مہنگائی اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ لوگ گھروں میں محفوظ نہیں، صاف دکھائی دے رہا ہے حالات سنبھالنا نااہل حکمرانوں مقتدرقوتوں کے بس کی بات نہیں، امن و امان کے قیام کے لیے ان کے پاس کوئی ایکشن پلان نہیں ہے، جب تک حکمران ومقتدرقوتیں دیانت دار اور عوام سے مخلص نہ ہو اس وقت تک حقیقی تبدیلی آسکتی ہے نہ عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں صرف دعوے واعلانات ہوں گے اور کچھ نہیں۔ دوسری جانب عدل وانصاف نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں عدالتوں کا وقار بری طرح مجروح ہوا ہے۔ قانون کی رٹ قائم نہیں ہورہی۔ کرپٹ، طاقتور اور ظالم حکمرانوں کا کوئی عدالت ، ادارہ احتساب نہیں کرسکا، اب عوام کو ہی ووٹ کی طاقت سے ہی ظالموں کا احتساب کرنا ہوگا۔ تمام مسائل کا حل دیانت دار قیادت ،حققی عوامی حکومت اوراسلامی نظام ہے جماعت اسلامی ہی عوام کو اسلامی نظام کے ذریعے روزگار تعلیم وترقی دے سکتی ہے۔ حکومت بلوچستان کے عوام کو ہمسائیہ ممالک سے آزاد قانونی تجارت کے مواقع فراہم کرنے کیساتھ آسانیاں وسہولیات دیں۔بدترین مہنگائی بے روزگاری ،فاصلوں اورغربت کی بنیاد بجٹ میں عوام کو ریلیف دیاجائے ، اشیا خورونوش ، بجلی پر سبسڈی بحال کی جائے۔ بلوچستان سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں ، گوادر کے مقامی افراد کو حقوق دیے جائیں ، گوادر معاہدہ پر فوری عمل درآمد ہو۔ ادویات ، پٹرول کی قیمتیں میں واضح کمی کی جائے۔


