ہرنائی میں کوئلہ لے جانیوالے ٹرکوں پر فائرنگ اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز
ہرنائی : بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مختلف اضلاع کے ضلعی صدور و دیگر عہدیداروں ضلع ہرنائی کے صدر شین گل خان ترین، قلعہ سیف اللہ کے صدر شیر علی کاکڑ، دکی کے صدر حاجی رضاءناصر، لورالائی کے صدر سردار بلوچ خان اتمانخیل، شاہرگ کول مائنز ایسوسی ایشن کے عمر شاہ شیخ، محمود خان پوپلزئی و دیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرنائی کوئٹہ شاہراہ چپرر فٹ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ٹرک ڈرائیوروں پر تشدد، ٹرکوں کے ٹائر برسٹ کرنے اور ٹرکوں پر فائرنگ کرکے ٹرکوں کو شدید نقصان پہنچانے اور ڈرائیوروں سے لاکھوں روپے نقدی، قیمتی موبائل فونز سمیت دیگر اشیاءلوٹنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کور کمانڈر، آئی جی ایف سی، وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری، کمشنر سبی سے مطالبہ کیا ہے کہ چپررفٹ واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ٹرکوں کو پہنچانے والے نقصان کا فوری ازالہ کرکے ہرنائی کوئٹہ اور ہرنائی پنجاب شاہراہوں پر ٹرانسپوٹروں، ٹرکوں، مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، پانچ دنوں میں ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں کے نقصان کا ازالہ نہ کیا گیا تو احتجاج کےلئے آئندہ لائحہ عمل تیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد بلوچستان ٹرک اونرز ایسوسی ایشن ضلع ہرنائی سمیت مختلف اضلاع کے ضلعی عہدیداروں نے ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد عارف زرکون، ونگ کمانڈر ایف سی کھوسٹ سے ملاقات کرکے واقعہ میں ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں کے نقصان سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی، ایف سی کھوسٹ کے ونگ کمانڈر نے جلد از جلد ٹرک مالکان کے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی اور کوئٹہ ہرنائی، ہرنائی سنجاوی شاہراہ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک مالکان کے نقصانات کا پانچ یوم میں ازالہ نہ کیا گیا تو پھر ٹرک ایسوسی ایشن آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کےلئے مرکزی سطح پر اجلاس طلب کرکے احتجاج کا اعلان کرنے کے علاوہ ہرنائی، شاہرگ، کھوسٹ سے کوئلہ کی لوڈنگ نہیں کی جائیگی، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن ضلع ہرنائی کے صدر شین گل خان ترین مختلف اضلاع کے صدور کی ہرنائی آمد اور مرکزی صدر کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے پر ان سب کا شکریہ ادا کیا۔


