بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں چیئرمین پی ٹی آئی غلط بیانی کر رہے ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں چیئرمین پی ٹی آئی دانستہ طور پر کھلے عام مقامی اور بین الاقوامی سامعین کو بڑی مہارت سے جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سے گمراہ کر رہے ہیں۔انکا 9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی احتجاج کو دبانے کے زاویے سے پیش کرنے کا مقصد بیرونی تجزیہ نگاروں کو غلط بیانیے سے دھوکہ دینا ہے۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے سوموار کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے میں بتاتا چلوں کہ 9مئی کو جو انکی جماعت کا ریاست پر حملہ آور ہونے کا قابلِ مذمت اقدام ، بد نیتی اور ناپاک عزائم پر مبنی تھا۔کسی بھی ملک کو اپنی سالمیت پر ایسا حملہ قطعا برداشت نہ ہوگا۔ سب کو یقین ہونا چاہئے کہ اس واقعہ کے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا مل رہی ہے اور میں یہ بھی یقینی بنارہا ہوں کہ انسانی حقوق کی کہیں بھی پامالی نہ ہوئی اور نہ ہوگی۔ ہر کیس میں تمام قانونی ضابطے پورے کئے جائیں گے۔ پاکستان اپنی تمام تر ائینی اور انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں