وزیراعلیٰ نے ذاتی طور پر آگاہ نہیں کیا، قومی اقتصادی کونسل میں بلوچستان کا موقف پیش کرنا ضروری تھا، نور محمد دمڑ

کوئٹہ (یواین اے) سابق سینئر صوبائی وزیرمحکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو کا این ای سی کے حوالے سے موقف غیر واضح تھا۔ انہوں نے صرف میڈیا پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے بیان جاری کیا تھا اور مجھے ذاتی طور پر کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں یہ بات رکن بلو چستان اسمبلی نور محمد دمڑ نے صافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک روز قبل وفاقی حکومت کے رویے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا مجھے ذاتی طور پر کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل انتہائی اہم فورم ہے جس میں بلوچستان کا موقف پیش کرنا ضروری تھا، میں اسلام آباد میں پہلے سے موجود تھا، اس لئے ممبر کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی اور بلوچستان کا موقف پیش کیا۔ میرا وزیراعلیٰ بلوچستان سے کوئی اختلاف نہیں وہ پارٹی کے سربراہ اور صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں