بینک اکا ؤنٹس کیس،فریال تالپور کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کے بینک اکا ؤنٹس غیر منجمد کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فریال تالپور کے بینک اکا ؤنٹس فعال کرنے کی درخواست پر فیصلہ 20 مارچ کو سنایا جائے گا۔ فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں استدعا کی کہ ہم زرداری گروپ کے نہیں، فریال تالپور کے ذاتی اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے بچوں کی اسکول فیس ادا کرنے میں بھی فریال تالپور کو مشکلات درپیش ہیں، نیب اتنا ظلم نہ کرے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پڑھ لیں، نیب بتائے فریال تالپور کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں کون سے پیسے آئے ہیں؟ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دورانِ سماعت فریال تالپور کے بینک اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کی مخالفت کی گئی۔نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ فریال تالپور کی درخواست میرٹ پر پوری نہیں اترتی لہٰذا اسے مسترد کیا جائے۔نیب نے فریال تالپور کی درخواست پر اپنا جواب احتساب عدالت میں جمع کروا دیا۔نیب پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ہم نے مشکوک ٹرانزیکشنز والے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے، گھر کے اخراجات چلانے میں مشکلات کی بات بلا جواز ہے، ان کے اور اکاؤنٹس بھی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فریال تالپور زرداری گروپ آف کمپنیز کی ڈائریکٹر اور دستخطی ہیں، زرداری گروپ آف کمپنیز کے اکاؤنٹس میں جعلی اکا ؤنٹس سے ٹرانزیکشن موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں