پشاور،بکتربند پر تخریب کار کی لاش باندھ کر شہر میں گھمانے کی ویڈیو وائرل،اعلیٰ حکام نے واقع کا نوٹس لے لیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں بکتر بند گاڑی پر تخریب کار کی لاش کو رسی سے باندھ کر شہر میں گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔صوبائی دارالحکومت کے علاقے متنی میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے 6 اپریل کو ایک مشترکہ آپریشن کے دوران مطلوب تخریب کار کو ہلاک کیا، جس کی لاش بعد ازاں بکتر بند کے آگے رسیوں سے باندھ کر شہر میں گھمائی گئی۔تخریب کار کی شناخت عظمت عرف ملنگ کے نام سے ہوئی تھی ،جس کا تعلق شینا گروپ سے بتایا جاتا ہے۔تخریب کار کی لاش کو بکتر بند گاڑی پر رسی سے باندھ کر شہر میں گھمایا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد کی لاش کو رسیوں سے باندھ کر انڈس ہائی وے پر گھما کر تھانے لایا گیا۔اس دوران پولیس افسران تخریب کار کی لاش کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے جب کہ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ۔واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو تحقیقات کا حکم دیا، جس پر سی سی پی او سید اشفاق انور نے ایس پی صدر سرکل ملک حبیب کی نگرانی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر جلد رپورٹ مرتب کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔


