چیئرمین پی ٹی آئی کے دماغ میں انا،ضداور مکاری بھری ہے ،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر کہ میںاسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف سے بات کرنا چاہتا ہوں لیکن وہ کوئی بات کرنے کے لئے تیار نہیں پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دماغ میں انا،ضداور مکاری بھری ہے ،9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں پر حملہ بھی اس لئے کرایا تھا کیونکہ "وہ” مان نہیں رہے؟ "سیاسی ابوالہول” (Sphinx) کا دماغ ہٹلر کا جبکہ جسم گرگٹ کا ہے جو حالات کے ساتھ ساتھ رنگ ہی نہیں، آنکھیں اور بیان بھی بدلتا رہتاہے ۔ان خیالا ت کااظہار مریم اورنگزیب نے اتوار کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کے دماغ میں نہ آئین کی گنجائش ہے، نہ قانون کی، نہ انسانیت اور نہ ہی اخلاقیات کی، صرف تکبر، انا، ضد اور مکاری بھری ہے جو کمرے میں تاحیات ایکسٹینشن کی آفر کرتا اور باہر میرجعفر کے نعرے لگاتاہے، جلسے میں امریکہ پر الزام لگاتا، پھر معافی مانگ کر امریکہ میں لابی کمپنیاں بناتا ہے۔سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے۔ اصل میں تلاش "کاندھے” اور "بیساکھی” کے سہارے کی ہے جو اب میسر نہیں۔ آر ٹی ایس کی معاونت کی التجا ہے، فارن فنڈنگ، ٹیریان، 190 ملین پائونڈ، القادر ٹرسٹ جیسی چوریاں، ڈاکے اور جرائم سے نجات کا این آر او درکار ہے لیکن یہ طلسماتی سہولیات اب دستیاب نہیں لیکن پوچھنا یہ تھا کہ آدھا حملہ کیسے ہوتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان کے ساتھ عمران خان کا ویڈیوکلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ میں اسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف سے بات کرنا چاہتا ہوں لیکن وہ مجھ سے بات کرنے کوتیار نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں