ملک کے51 اضلاع میں ٹڈی دل کے حملے، کنٹرول آپریشن جاری

اسلام آباد: قدرتی آفات سے نمٹنے والے والے ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت ٹڈی دل ملک کے51 اضلاع میں موجود ہے جہاں سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق ایک ہزار123 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ بلوچستان 33، خیبر پختونخوا10، پنجاب2 اور سندھ کے6 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر اور اتھل بھی ٹڈی دَل سے متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں بھی ٹڈی دل موجود ہے۔کرک، کرم، اورکزئی، پشاور، گھوٹکی، سانگھڑ، سکھر، شہید بے نظیرآباد، مٹیاری، شکارپور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے اضلاع میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ 24گھنٹوں میں 10ہزار ہیکٹر رقبے پرادویات کا اسپرے کیا گیا۔بلوچستان میں 7 ہزار 866 ہزار ہیکٹر، خیبرپختونخوا960 ، سندھ 1161 اور پنجاب میں14 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا ہے۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 66 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پشین میں200 ہیکٹر رقبہ پر ہوائی جہاز کے ذریعے کیمیائی اسپرے کیا گیا۔گوجرانوالہ ضلعی انتظامیہ بھی ٹڈی دل کے تدارک کے لئے متحرک ہوگئی ہے اور بروقت ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں کو بچانے کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ کسانوں کو سیمینارمیں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لئے آگاہی بھی دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں