کورونا وائرس: پی آئی اے نے قطر کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کردیا

راولپنڈی:کورونا وائرس پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر قطر حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے عارضی طور پر قطر کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن نے 31 مارچ تک قطر جانے اور آنے والے اپنے فلائٹ آپریشن کو معطل کردیا۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ان تمام صارفین کو رقم کی واپسی اور بلامعاوضی سفری چھٹ کی پیش کش کر رہا ہے جنہوں نے قطر جانے یا وہاں سے آنے کے لیے ٹکٹ بک کروائے تھے۔انہوں نے کہا کہ پروازوں کی معطلی کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات پر پی آئی اے معذرت خواہ ہے۔اس سے قبل 28 فروری کو پاکستان نے ایران آنے اور جانے والی پروازوں کا آپریشن معطل کردیا تھا۔پاکستان کی جانب سے یہ اقدام کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کے بعد سامنے آیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز قطر نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے 14 ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی، ان ممالک میں پاکستان بھی شامل تھا۔قطری وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘اس فیصلے میں ان ممالک کے آمد پر ویزا، رہائشی یا ورک پرمٹ رکھنے والے یا عارضی طور پر آنے والے بھی شامل ہیں ‘۔یاد رہے کہ چین سے شروع ہونے والا نوول کورونا وائرس دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔پاکستان میں بھی گزشتہ ماہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد میں اچانک گزشتہ روز اس وقت اضافہ دیکھا گیا جب سندھ میں ایک ہی روز میں 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ملک میں ایک ہی روز میں اس طرح کیسز میں اضافے کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں