لاہورہائیکورٹ ، صحافی عمران ریاض بازیابی کیلئے پولیس کو 10روز کی مہلت

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورہائی کورٹ نے صحافی عمران ریاض بازیابی کیلئے پولیس کو 10روز کی مہلت دے دی ۔ بدھ کو صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے جواب میں کہا کہ اب ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، اچھے نتائج آئیں گے۔دوران سماعت عمران ریاض کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں، آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم کوشش کررہے ہیں۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا آپ ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں عمران ریاض کی بازیابی درکار ہے، اس کے لیے آئی جی پنجاب سمیت ان کی ٹیم کام کررہی ہے۔وکیل نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پولیس جلد عمران ریاض کو بازیاب کر سکے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم عمران ریاض کی زندگی کے لیے دعاگو بھی ہیں اور کوشش بھی کررہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے عمران ریاض کو بازیاب کرنے کے لیے پولیس کو 10 روز کی مزید مہلت دے دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں