لطیف کھوسہ کے گھرپرحملہ خطرے کی گھنٹی،کوئی بڑاحادثہ ہوسکتاہے، شیخ رشید
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لطیف کھوسہ جیسے ناموروکیل کے گھرحملہ خطرے کی گھنٹی ہے کوئی بھی بڑاحادثہ ہوسکتاہے،کراچی کاانتخاب قومی الیکشن کاٹریلرہے آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ ان خیالات اظہار شیخ رشید احمد نے جمعہ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ پوری دنیاہمیں سمجھانے کی کوششیں کررہی ہے لیکن ہم سمجھ سے عاری ہیں ملک کومعاشی حادثے کی طرف لیکرجارہے ہیں،آئی ایم ایف دیوالیہ ہونے سے بچاناچاہتاہے لیکن حکمران دیوالیہ کی طرف لے جاناچاہتے ہیں تاکہ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگاسکیں، ڈیفالٹ گھرکے دروازے پردستک دے رہاہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے جس کاکل عملی مظاہرہ پیپلز پارٹی نے کردکھایا،ممبرکسی کی کیاخدمت کریں گے ،ان کوخودخدمت کی ضرورت ہے،9لاکھ عوام کاووٹ3لاکھ ووٹوںکے سامنے بے بس ہوگیاباوجوداکثریت کے جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی کامیئرنہیں بن سکا،کراچی کاانتخاب قومی الیکشن کاٹریلرہے آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وقت بتائے گامیئرکی سیٹ کی خاطرپی پی پی نے جماعت اسلامی کودورکرکے کیاکھویاکیاپایا،کراچی میئرکے الیکشن کے بعدجوصاف شفاف الیکشن کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ شرمندہ تعبیرہوں گے ،عوام خودکشیاں کررہی ہے ،حکمران غیرملکی دوروں پرہیں ،لطیف کھوسہ جیسے ناموروکیل کے گھرحملہ خطرے کی گھنٹی ہے کوئی بھی بڑاحادثہ ہوسکتاہے۔


