سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی کی ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت
اسلام آباد (صباح نیوز)قبائلی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما امیرمقام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہ جی گل آفریدی نے لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ٹی آئی آر کا ممبر بنایا، میاں صاحب جانتے تھے ہمارا مستقبل سینٹرل ایشیاء ہے، ملک کو مہنگائی سے وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نکالے گی، کسی کے ملک توڑ نے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔انجینئر امیر مقام نے شاہ گل آفریدی کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو ترقی کی طرف لے کر جارہی ہے، شاہ گل آفریدی کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا میں بھی ترقیاتی کام کروائیں گے۔لیگی رہنما مرتضی جاوید نے کہا کہ ن لیگ خیبرپختونخوا کیلئے خوشی کا دن ہے، ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ شاہ گل آفریدی کی شمولیت کے پی کی سیاست میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔


