وڈھ میں 40 اقوام کے جرگے نے قبائلی سردار اور نظام کیخلاف آواز بلند کی جس کے بعد حالات خراب کردیے گئے، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ (آن لائن) جھالاوان عوامی پینل کے رہنماﺅں ندیم الرحمن، ٹکری محمد اختر، میر نورالدین سمیت دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وڈھ میں قوم پرست جماعت کے سربراہ کی جانب سے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت زبردستی مسلح جتھوں کے ذریعے بازار بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے حالات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر ہم احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں اپنے دیگر ساتھیوں نصیر مینگل، جاوید مینگل، منظور احمد، کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک قوم پرست جماعت کے سربراہ اور قبائلی سردار کی جاب سے اپنے مسلح لوگوں کے ذریعے وڈھ اور ملحقہ علاقوں میں زبردستی بازار بند کروایا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جا تا ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ بند ہونے کی وجہ لوگوں کو مشکلات در پیش ہیں، نوجوان کے اغوا کی تحقیقات کرائی جائیں کہ وہ کہاں سے بازیاب ہوا، علاقے سے 70سالہ خدا بخش کو 4 ماہ سے قید رکھا گیا اور بزرگ شہری کی بازیابی کے لئے علاقے میں بسنے والی 40 اقوام نے جرگہ بلا کر سرداری نظام کیخلاف آواز بلند کی جس کیخلاف مذکورہ جماعت کے سربراہ کی جانب سے علاقے کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی اور اپنے غیر قانونی اقدامات کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر اپنے آپ کو ان کاموں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں اور قومی اسمبلی میں بھی غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے حقائق سے چشم پوشی اختیار کی جارہی ہے۔ مذکورہ رہنما کے منفی ہتھکنڈوں کی وجہ سے انکی اصلیت سب کے سامنے عیاں ہوچکی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت اس کا نوٹس لے، ہماری پی ڈی ایم حکومت اور ارباب اختیار سے درخواست ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور مذکورہ قوم پرست جماعت کے سربراہ کی جانب سے علاقے کے حالات کو خراب کرنے پر ان کیخلاف کارروائی کریں تاکہ علاقے میں امن قائم ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ قوم پرست جماعت کے سربراہ علاقے کے حالات کو خراب کر کے آنے والے انتخابات میں عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے خواہاں ہیں وہ ماضی میں بھی ہونے والے انتخابات میں زور زبردستی اور غلط طریقوں سے لوگوں کیخلاف غیر قانونی اقدامات کرکے کامیابی حاصل کرتے رہے ہیں، اب عوام باشعور ہوچکے ہیں اور ان کے اس منفی اور من گھڑت پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ وڈھ کے دورے پر گئے ہیں اگر ان کے پاس اختیار ہے تو وہ مذکورہ قوم پرست جماعت کے سربراہ اور ان کے کاسہ لیسوں کیخلاف کارروائی عمل میں لا کر قانونی تقاضے پورے کر کے عوام کو ان مسائل سے چھٹکارا دلائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں