غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوئی تو ایکشن لیا جائے گا ،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کی رولنگ
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے غیر اعلانیہ بجلی کے تعطل پر پابندی کی رولنگ جاری کرتے انتباہ کردیا کہ اگر غیر اعلانیہ بجلی گئی تو ایکشن لیا جائے گا جبکہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نورعالم خان بجلی کے طویل اور بار بار تعطل پر حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ ظلم یہ کرتے ہیں گالیاں ہمیں پڑتی ہیں۔ جمعہ کو اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ہوا۔ پی ٹی آئی کے منحرف رکن چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ بجٹ اجلاس ہے صرف دو وزیر آتے ہیںگرمی میں عوام کا برُا حال ہے نہ بجلی کا وزیر آ رہا ہے نہ پانی کاپورے ملک میں بجلی کا بحران ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ظلم یہ کرتے ہیں گالیاں ہم کھاتے ہیں،کیا اس لیے حکومت میں آئے تھے، بجلی کا نرخ تو روز بڑھ رہا ہے لیکن لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی، کیا پشاور، پنجاب، بلوچستان، لاڑکانہ اور سکھر کے عوام پاکستانی نہیں ہیں، ہم بے عزتی کے لیے یہاں نہیں بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کرتی ہے تو وقت مقرر کریں اس معاملے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، ملک میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری چل رہا ہے مہنگی بجلی تو عوام کو دی جائے ،خدارا ہوش کے ناخن لیں اور معاملے کو حل کریں لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور سوئی گیس کی فراہمی کنٹرول سے باہر ہے، جمعہ کے دن 12 سے 2 بجے لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے تاکہ لوگ جمعہ کی نماز تو سکون سے پڑھ سکیں ڈپٹی سپیکر صاحب اس پر رولنگ دیں۔ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے رولنگ جاری کردی کہ تمام بجلی فراہمی کی کمپنیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند کی جائے اگرشیڈول کے خلاف بجلی گئی تو ایکشن لیا جائے گا۔


