زہری، بارش اور ژالہ باری، فصلوں کو نقصان، دیوار اور درخت زمین بوس، ویگن ریلے میں بہہ گئی
زہری (نمائندہ انتخاب) اتوار کی شام نورگامہ اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا، جبکہ درخت اور دیوار زمین بوس ہوگئے، تیز ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا، طوفانی ہواﺅں اور بارش نے کئی درخت اکھاڑ کر زمین بوس کردیے جبکہ مختلف جگہوں پر دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ شدید گرمی میں ایک طرف بارش رحمت بن کر آئی جبکہ تیز ہوائیں اور ژالہ باری سے زمینداروں اور عوام کے نقصانات بھی ہوئے۔ اتوار کی شام ہونے والی بارش سے گرمی کی تیز لہر ٹوٹ چکی، موسم خوشکوار ہوگیا جبکہ دوسری طرف زہری گرڈ کا ٹاور گرنے سے زہری میں 24 گھنٹے سے بجلی معطل ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عید کے سیزن پر درزیوں کا کام بھی متاثر ہوا ہے۔ صارفین نے کیسکو حکام سے فوری بجلی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں اطلاعات کے مطابق نیچارہ کڈی، پندران میں بارشوں کے باعث پندران قلات روڈ جرگی کے مقام پر ایک ویگن سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ مسافر محفوظ رہے۔


