قاتلوں اور ڈیتھ اسکواڈ کو متحرک کرکے بلوچستان قیام امن کا چرچا کیا جاتا ہے، کوہلو میں بی این پی کی احتجاجی ریلی
کوہلو (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کوہلو کے زیر اہتمام ضلعی صدر نوریز بلوچ کی قیادت میں شفیق مینگل کی وڈھ میں اغوا ءو قتل اور مسلح جتھوں کی جانب سے قانون ہاتھ میں لیئے جانے کیخلاف گزشتہ روز کوہلو میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی بی این پی آفس سے برآمد ہو کر صدر بازار سے ہوتے ہوئے بینک چوک پہنچی جہاں پر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شفیق مینگل اور ڈیتھ اسکواڈ کیخلاف نعرے درج تھے۔ بی این پی کوہلو کے ضلعی صدر نوریز بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی بلوچ حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے، آپ دھونس و دھمکی کے ذریعے ہمیں خوف زدہ کرکے ساحل و وسائل سے دستبردار کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اس طرح غافل نہیں ہیں کہ آپ ہمارے وسائل پر قبضہ کرلیں، بی این پی بیدار ہے، بلوچ بیدار ہے، آپ ہماری خاموشی سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ مقررین نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں بھی اس طرح کے تیار شدہ افراد کے ذریعے تخریب کاری سے بلوچستان کے مختلف علاقوں کو خون آلود کیا گیا، تباہی و بربادی کا سامان کیا گیا، تاہم ہمارے کارکن و رہنماﺅں کے ارادے اور جہد میں کوئی تزلزل نہیں آیا، بی این پی آج بھی زندہ ہے اور ہمارے کارکن ثابت قدم ہیں۔ مقررین نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ یہاں قاتل اور ڈیتھ اسکواڈ کو متحرک کرکے بلوچستان میں بد امنی پیدا کرکے پھر قیام امن کا چرچا کیا جاتا ہے، آج بھی بلوچستان اور پورے ملک میں ان کی جانب سے دیئے جانے والے خون کے نشانات موجود ہیں، جہاں انہوں نے قتل عام کیا نہ فورس ان کے ہاتھوں سے محفوظ رہی اور نہ عام لوگ، ہر طرف انہوں نے قتل عام کا بازار گرم رکھا تھا، اس وقت وہ ہمارے رہنما اور کارکنوں کو دھمکی دے رہے ہیں، اس طرح کی دھمکی سے ہم نہ ڈرنے والے ہیں اور نہ ہی ہمارے کارکنوں کو اس طرح کی دھمکی سے ڈرایا جاسکتا ہے، ہم حکومت کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ ڈیتھ اسکواڈ و تخریب کاروں کو حکومتی سرپرستی حاصل نہ ہونے دیں ورنہ بی این پی کے کارکن ملک بھر سے اپنے رہنماﺅں کے لیے نکلیں گے اور ان تخریب کاروں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بی این پی کے ورکر اور رہنماءمظالم سے نکل کر کندن بن چکے ہیں، آپ کی اس طرح کی دھمکیاں ہمارا ایک بال بھی بیگا نہیں کرسکتیں، اپنی اوقات میں رہیں اور جی حضوری کریں اور بی این پی کے رہنما و ورکرز کے ساتھ الجھنے سے گریز کریں۔ بلوچستان کے حقوق ساحل و وسائل کے لیے ہم روز اول سے جدوجہد کررہے ہیں، ہم اپنی اس منزل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، نہ آپ کی دھمکیوں کو خاطر میں لائیں گے۔ اس موقع پر سینٹرل کمیٹی ممبر وحید بلوچ، رسول خان، سفر خان، تاج محمد،ب ابو راز محمد، مولا بخش، انعام بخش، معین خان سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان شامل تھے۔


