وفاق صوبے کی مالی مدد نہیں کررہا، کوئٹہ میں کسٹم دکانوں پر چھاپے مار رہی ہے، اراکین بلو چستان اسمبلی

کوئٹہ (این این آئی) اراکین بلو چستان اسمبلی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ذریعے ملک کو بلیک میل کیا جارہا ہے، بلوچستان اسمبلی میں پشین کی تحصیل برشور میں 1122 کے قیام کی قرار داد منظور ہوگئی ہے، اسمبلی کے ملازمین کو ایک ماہ کی بونس تنخواہ کی سمری آج تیار کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان کو منظوری کیلئے ارسال کیا جائیگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو بلو چستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کواسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی زیر صدارت مقرر وقت سے 55 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ۔اجلاس میں بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکند ر ایڈووکیٹ نے نقطہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی معاشی حالات ابتر ہے ،آئی ایم ایف کے ذریعے ملک کو بلیک میل کیا جارہا ہے ،وفاقی حکومت صوبے کی مالی مدد نہیں کررہی ہے ان حالات میں صوبائی حکومت نے ایک مناسب بجٹ پیش کیا ہے، انہوںنے کہاکہ بجٹ میں جو تجاوزدی تھیں وہ شامل نہیں کی گئیں ، اپوزیشن نے پہلے بھی گڈگورننس کے حوالے سے مشورے دئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر سے دو کلومیٹر دور شہری اور دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اس جانب توجہ دی جائے۔ پشتونخوامیپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی میں پشین کی تحصیل برشور میں 1122 کے قیام کی قرار داد منظور ہوئی ہے اس قرار داد پر عملدرآمد کیا جائے، انہوںنے کہا کہ فارمسٹس کے سروس اسٹریکچر تشکیل دی جائے کوئٹہ شہر میں کسٹم اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے دکانوں پر چھاپہ ماررہی ہے انہوںنے اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے استدعا کی کہ وہ کلکٹر کسٹم کو اسمبلی طلب کریں ، جس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہاکہ قرار داد پر عملدآمد سے متعلق متعلقہ کمیٹی سے رجوع کیا جائے جبکہ کلکٹر کسٹم کو عید کے بعد طلب کریں گے، عبدالواحد صدیقی نے کہاکہ ریسیکو کا عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹیاں سرانجام دیتا ہے، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ عید کے بعد بلوچستان اسمبلی کا الواعی اجلاس ہوگا کوشش کریں گے کہ اس اجلاس کو دس سے پندرہ دن تک مسلسل چلائیں۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے صوبائی وزیر خزانہ انجینئرزمرک خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کے ملازمین کیلئے ایک بونس تنخواہ رکھی گئی ہے یا نہیں یہ اسمبلی کی روایت ہے اس روایت کو برقرار رکھا جائے جس پر صوبائی وزیر خزانہ انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہاکہ اسمبلی کے ملازمین کو ایک ماہ کی بونس تنخواہ کی سمری آج تیار کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان کو منظوری کیلئے ارسال کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں