میری پشتو میں تقریر پر اسمبلی اراکین کو اعتراض ہے حالانکہ ساری پی ایس ڈی پی انگریزی میں ہے، مولوی نور اللہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مولوی نور اللہ نے پی ایس ڈی پی کے حوالے سے کہا کہ میرے حلقے کے حوالے سے مجھے 2022-23کے بجٹ پر تحفظات ہیں میرے حلقے کیلئے ایلو کیشن میں اتنی کم رقم رکھی گئی ہے جس سے تمام ٹھیکیدار اپنا مشینری واپس شفٹ کر کے چلے گئے میری تمام اسکیمات پر عملدرآمد رک گیا ہے گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے اپنے حلقے کے مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان ملاقات کی کوشش کررہا ہوں لیکن تاحال کامیاب نہیں ہو اکیا ہم نے اس لئے سابق وزیراعلیٰ جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد لا ئی تھی؟ ہمیں امید تھی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ہمارے علاقے کے مسائل حل کرینگے لیکن افسوس نہ جانے کہ وہ کس دنیا میں ہےں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اراکین کو میری بجٹ تقریر پشتو میں کرنے پر اعتراض تھا حالانکہ ساری پی ایس ڈی پی انگریزی میں بنا دی گئی ہے انگریزی ہماری مادری زبان نہیں ہے اسے اردو میں بنا نا چاہیے۔ مولوی نور اللہ نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کیلئے میں آج کے اسمبلی اجلاس سے احتجاجاً واک آﺅٹ کرتا ہوں۔


