امید کا نیا سورج طلوع، ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا، شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 2 ہزار 231 پوائنٹس کے غیرمعمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں،الحمدللہ، ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے ۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے پھر دوبارہ آغاز ہو رہا ہے ۔ شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے، قوم کو مبارک ہو ۔ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے اور 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا تیزی سے اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانتداری اور سچائی ثمر لا رہی ہے ۔ قائد محمد نوازشریف کے تعمیر، ترقی اور عوام کی خوش حالی کے وژن پر ایک بار پھر عمل پیرا ہیں ۔ جس طرح 2013 سے 2018 کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی، معاشی ترقی لائے تھے، ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لارہے ہیں ۔قومی ترقی اور معاشی استحکام کے سفر کو اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہو گا ۔ جس طرح نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کا آغاز کیا، معیشت بحال کی، مہنگائی 4 فیصد اور کھانے پینے کی اشیا کی شرح 2 فیصد پر لائے تھے، ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 6 فیصد پر تھا، اب دوبارہ ترقی کے اسی سفر کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔اب زراعت، آئی ٹی، صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہو گا انشا اللہ ۔ پھر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کے روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری سے ہم کنار کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں