سیاسی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کا وقت آنے پرہوگا، مصدق ملک
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سیاسی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کا وقت آنے پرہوگا ، نگران حکومت میں کون کون شامل ہوگا ابھی تک ناموں پرفیصلہ نہیں ہوا،پیٹرولیم مصنوعات کے دو جہاز یو اے ای اور ایک آذربائیجان سے خریدیں گے، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد معیشت بحالی کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے دو جہاز یو اے ای سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ بنیاد پرخریدیں گے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کا ایک جہازآذربائیجان سے خریدیں گے۔انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہمیں 9 ماہ کے لیے ریلیف ملا ہے لیکن آئی ایم ایف معاہدے کے بعد معیشت بحالی کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف معاہدے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگست میں حکومت مدت پوری کرے گی اس کے بعدالیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کا وقت آنے پرہوگا، نگران حکومت میں کون کون شامل ہوگا ابھی تک ناموں پرفیصلہ نہیں ہوا، نگرا ن حکومت زیادہ سے زیادہ 90 دن اورکم سے کم 60 دن میں الیکشن کرائے گی۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ بجلی ترسیل کے نظام میں اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے، بجلی چوری روکنے کے لیے سمارٹ میٹرز لگائے جارہے ہیں، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا میں کچھ فیڈرز پر80 فیصد تک بجلی چوری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول پر لیوی مزید 5 سے 7 روپے تک بڑھ سکتی ہے لیکن آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے دو نئے معاہدے کئے ہیں، ایک معاہدہ متحدہ عرب امارات سے کیا ہے لیکن امارات سے کئے گئے معاہدے پر ابھی دستخط نہیں ہوئے۔


