لاہورمیں شدید بارش ، مکان کی چھت گرنے سے 4افراد جاں بحق، متعدددیواریں گرنے سے 11 افراد زخمی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 4افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں بارش کے باعث مکان کی خستہ حال چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،ملبے سے لاشوں اور زخمی شخص کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز تیز بارش سے ہوئی ، مزنگ ہسپتال کی دیوار گرنے سے 11 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں لکشمی چوک ،ایبٹ روڈ، ایمپریس روڈ ،ریلوے سٹیشن اور شیرانوالہ گیٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ، سبزہ زار ،ڈھولنوال،وحدت روڈ، مصطفی ٹائون، شاہدرہ، نشتر ٹائون، اچھرہ، اقبال ٹائون کے اطراف میں موسلادھار بارش ہو ئی۔مغلپورہ، باغبانپورہ، بھاٹی گیٹ، جوہر ٹائون،گلشن راوی ،قرطبہ چوک ،لبرٹی میں بھی بادل برسے، شہر کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک نظر آئی۔ایم ڈی واسا نے عملہ کو نشیبی علاقوں میں ڈسپوزل سسٹم کو فعال رکھنے کی ہدایت کی ، کمشنر لاہور نے بھی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب یقینی بنانے کا حکم دیا ، کلمہ چوک انڈر پاس کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے نکاسی آب کی مشینری پہنچا دی گئی ۔ادھر موسلادھار بارش کے باعث مزنگ ہسپتال کی دیوار گرنے سے 11 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گنگا رام ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔دوسری جانب لیسکو ریجن میں تیز بارش کے باعث ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، بارش سے لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کی تیز آندھی اور بارش سے لیسکو کا متاثرہ سسٹم تاحال بحال نہیں ہوسکا تھا، مزید ہونے والی بارش نے ترسیلی نظام کو مزید متاثر کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں