کوئٹہ کے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ضلع صدر کوئٹہ اور نیشنل پارٹی کے صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار نے کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں شہر میں رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، آج شریف آباد کلی قمبرانی میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران باپ اور بیٹے کا رہزنوں کے ہاتھوں قتل انتہائی قابل مذمت ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ نیشنل پارٹی جاں بحق ہونیوالوں کے خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے۔ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور جرائم میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں