غیر ملکی ایجنٹ کہتا ہے مجھ پر حملہ ہونیوالا ہے تو کیا بالٹی یا ڈھکنا رکھنے سے حملہ نہیں ہوگا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی تخریب کاری کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ ’غیرملکی ایجنٹ‘ ہوگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو لوگ پگڑیاں اچھالتے تھے، لوگوں پر بے بنیاد الزامات لگاتے تھے وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف اچھا آدمی تھا اور ملکی تباہی کا ذمہ در سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ لوگ کہتے ہیں کہ توشہ خانہ سے چوری ہم نے نہیں کی، کہتے ہیں کہ مجھے کیا پتا 190 ملین پاو¿نڈ کے لفافے میں کیا تھا، مجھے کچھ پتا نہیں میری کابینہ کے سارے افراد سے پوچھیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو جھوٹا، دھوکے باز، فراڈیہ اور ذہنی مریض ہے جس کا مرض لاعلاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کا مرض لاعلاج ہے، کیونکہ اس کا مرض جھوٹ بولنا، فراڈ کرنا، سازش، فتنا مچانا ہے جو خود کہتا تھا کہ ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل شہباز شریف نے ان تمام چیزوں کی نشاندہی کی کہ ملک سے باہر بیٹھا ٹولہ اداروں کیخلاف مہم جوئی کرتا ہے، جنہوں نے لسیبلہ (بلوچستان) میں ہیلی کاپٹر کے شہدا کے لیے مہم جوئی کی، جنہوں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، کبھی وزیراعظم، کبھی وزیر داخلہ، وزیر قانون اور کبھی وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف خطرناک سوشل میڈیا مہم چلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ اس غیرملکی ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیے کی پراکسیز ہیں، جو کبھی کہتا ہے کہ مجھ پر راکٹ لانچر کے ساتھ حملہ ہونے والا ہے، قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے، کوئی اس سے پوچھے کہ اگر تم پر حملہ ہونے والا ہے تو کیا بالٹی یا ڈھکنا رکھنے سے حملہ نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے ) کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر تحقیقات ہو رہی ہے، وہ تمام عناصر جو صحافت اور اظہار آزادی کا سہارا لے کر اس شخص کی پراکسیز بن کر اس قسم کا خطرناک کھیل کھیلتے ہیں ان کے خلاف تمام ثبوت آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی تخریب کاری کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ غیرملکی ایجنٹ ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بے شرم آدمی یہ پوچھتا ہے کہ نو مئی کا فائدہ کس کو ہوا، جس شخص نے منصوبہ بندی کی، ذہن سازی کی اس کا منصوبہ بنایا، اس کی ہدایات دیں اور اس پر عمل کیا وہ پوچھتا ہے نو مئی کے واقعہ سے کس کو فائدہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں