دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد درجنوں دیہات زیر آب

قصور(صباح نیوز) دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث گنڈا سنگھ والا میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ، دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ علاقوں کا رخ کرنے لگے ۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 1 لاکھ 14 ہزار 260 کیوسک تک پہنچ گئی، اگلے 48 گھنٹوں میں دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھکی والا ، مستے کی ، فتح والی ، ماہی والا اور چندا سنگھ کے دیہاتوں میں بھی ریسکیو کیمپس قائم کر دیئے گئے، قصور کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 211 افسران و اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 62118 اور اخراج 62118 ہے، سیلابی پانی سے قصور اور اوکاڑہ سمیت متعدد دیہات زیر آب آئے ہیں۔جھنگ میں دریائے چناب میں سیلابی پانی کے بہائو میں اضافہ ہو گیا ، اطراف کے 40 دیہاتوں میں 48 ہزار آبادی متاثر ہوئی ہے جبکہ فصلیں اور رابطہ سڑکیں بھی زیر آب آگئیں۔دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر بھی درمیانی سطح کے سیلابی ریلے کا الرٹ جاری کر دیا گیا، دریامیں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا جس کے باعث قریبی آبادیاں خالی کرا لی گئیں۔ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے ممکنہ اقدامات کیلئے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے ہیں، مشینری اور بوٹس کے ساتھ ریسکیو عملہ موجود ہے، متعلقہ محکموں کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں