نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، جعفر مندوخیل
کوئٹہ (این این آئی) مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) ہمیشہ سیاست کی بجائے ملک کو ترجیح دی ہے ایک مرتبہ پھر ہم نے ملک کو بچایا ہے آنے والے دور میں بھی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے بلوچستان میں آنے والادور مسلم لیگ(ن) کا ہوگا جس میں ایک بار پھر صوبے میں امن ،استحکام کی خوشبو پھیلے گی ،جاوید احمد خان کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے پارٹی کوئٹہ میں مزید فعال اور منظم ہوگی نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ بات صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل ،مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم ،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، سیکرٹری اطلاعات نصیرخان اچکزئی ، جاوید احمد خان،ملک نسیم کاسی ، نسیم الرحمن ملاخیل اوردیگر نے جمعہ کو جائنٹ روڈ پربلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق ناظم جاوید احمد خان کی اپنے ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس سے قبل بی اے پی کے رہنما جاوید احمد خان نے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف، صدر میاں شہباز شریف ، مریم اورنگزیب صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل ،مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی اے اے پی سے مستعفی ہوکر باقاعدہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔شیخ جعفر خان مندوخیل ،چوہدری نعیم کریم اوردیگر مقررین نے سابق ناظم جاوید احمد خان کو اپنے سینکڑوںساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جب بھی برسراقتدار آئی ہے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے اورنوجوانوں کو تعلیم سمیت روزگار کے مواقع فراہم کئے ڈیڑھ سال قبل جب مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے ملک کی وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تو پی ٹی آئی کی نا اہل قیادت کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست کو دا¶ پر لگاتے ہوئے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے سخت اورمشکل فیصلے کئے جس کی بدولت آج الحمد اللہ ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر دوبارہ گامزن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق نا اہل حکومت کی وجہ سے سی پیک اور گوادر پورٹ پر کام بند ہوگیا تھا اورچین سمیت دیگر پاکستان کے دوست ممالک ناراض تھے میاں محمد شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں پر دوبارہ کام کی رفتار کو تیز کرایا اورانشاءاللہ گوادرسی پیک منصوبے مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اسکے ثمرات پاکستان کے عوام کو ملنے شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کر رہی ہیں جس کے بعد وزیراعظم نے ملک میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے مسلم لیگ (ن) کے کارکن پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اورآنے والے عام انتخابات کی تیاریاں ابھی سے ہی شروع کردیں آنے والا وقت مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے اور انشاءاللہ مسلم لیگ(ن) انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرے گی۔


