بھارت: مسلمانوں کیخلاف نسل کشی کا ماحول تیار کیا جارہا ہے، ارون دھتی رائے

معروف بھارتی مصنفہ ارون دھتی رائے کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا وبا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کا ماحول تیار کیا جارہا ہے۔

ایک انٹرویو میں ارون دھتی رائے نے کہا کہ وہ ایسا اس لیے کہہ رہی ہیں کیونکہ عالمگیر وباء کی ابتدا سے ہی میڈیا نے کورونا کو مسلمانوں پر تھوپ دیا، بالکل اسی طرح جیسے نازیوں نے یہودیوں پر بیماری پھیلانے کا الزام لگایا تھا۔

بھارتی مصنفہ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو کورونا جہادی اور انسانی بم کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ ان کا اسپتالوں میں داخلہ بھی بند کردیا گیا۔

ارون دھتی رائے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رہنماؤں نے مسلمان پھل اور سبزی فروشوں کے بائیکاٹ کی ترغیب دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو انسانی رتبے سے گرایا جارہا ہے، دانشوروں کے نزدیک یہ نسل کشی کی جانب پہلا قدم ہے۔

مصنفہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اس کے وزراء ہندو بالا دستی کا نظریہ رکھنے والی آر ایس ایس کے پیروکار ہیں، جو میسولینی اور اٹلی کی فسطائیت سے متاثر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں